پیر، 22 فروری، 2016

نہ بولنگ چلی نہ بیٹنگ ،پشاور زلمی کو بدترین شکست ،اسلام آبا یونائیٹڈ فائنل میں پہنچ گیا


دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کے آخری پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو50رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہےجہاں اس کا سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز3وکٹوں کے نقصان پر176رنز بنائے .مین آف دی میچ قرار پانے والے شرجیل خان 117رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ 
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 126رنز بنا سکی ۔شاہد آفریدی کے برق رفتار 38رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے ۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر ڈیوڈ مائی لان 12 گیندوں پر 7 رنز بنا کر سیموئیل بدری کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔محمد حفیظ بھی بڑے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کامران اکمل نے 45 رنز بنائے۔ڈیرن سیمی نے 9،بریڈ ہوج نے 5اور وہاب ریاض نے 4رنز بنائے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عمران خالد نے 4،آندرے رسل نے 3جبکہ محمد سمیع ،محمد عرفان اور سیموئیل بدری نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 108 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ڈیوائن سمتھ19رنز بنا کر 14ویں اوور کی پہلی گیند پر ایلبیو ڈبلیو ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شان ٹیٹ نے بریڈ ہیڈن کو گولڈن ڈک کے کر پویلین چلتا کیا۔اس کے بعد خالد لطیف نے شرجیل خان کے ساتھ 63رنز کی شراکت قائم کی۔خالد لطیف 28رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے دونوں وکٹیں شان ٹیٹ کے حصے میں آئیں جبکہ شرجیل خان رن آﺅٹ ہوئے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ 23 فروری کو کھیلا جائے گا ۔

کوئی تبصرے نہیں:

آلودہ پانی پینے سے ہرسال 53ہزار پاکستانی مرتے ہیں، یونیسیف

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ آلودہ پانی پینےسے ہر سال 53 ہزار پاکستانی بچے موت کی نیند سو جاتے ہیں، پانی میں آلودگی ہیضہ، ہیپ...