بدھ، 24 فروری، 2016

پاکستان سپر لیگ کا پہلا ٹائٹل اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام


دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آبا یونائیٹڈ نے ڈیوائن سمتھ اور بریڈ ہیڈن کی دھواں دار بلے بازی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے جس میں احمد شہزاد 64رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ ہدف 19ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جبکہ بریڈ ہیڈن 61رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 54 رنز کا جار حانہ آغاز فراہم کیا۔ گزشتہ میچ کے سنچری میکر شرجیل خان صرف 13 رنز بنا سکے۔ 
اس کے بعد بریڈ ہیڈن اور ڈیوائن سمتھ نے کوئٹہ کے بولرز پر چوکوں اور چھکو ں کی بارش کر دی اور 85 رنز کی خارحانہ شراکت داری قائم کی۔ڈیوائن سمتھ 51 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔خالد لطیف 16 اور آندرے رسل صرف 7رنز بنا سکے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی ، اعزاز چیمہ ،نیتھن میکلم اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کاآغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اوپنرر بسم اللہ خان میچ کی تیسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آوٹ ہو گئے۔ کیون پیٹرسن بھی بڑے میچ میں بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور 33 رنز کے مجموعی سکور پر 18 رنز بنا کر آندرے رسل کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 
اس کے بعد کمار سنگا کارا اور احمد شہزاد نے 87 رنز کی جارحانہ پارٹنر شپ قائم کی۔کمار سنگا کارا 2 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 55 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔کوئٹہ کی جانب سے انور علی 13،محمد نواز 7اورکپتان سرفراز احمد صرف 3رنز بنا سکے ۔اسلام آباد کی جانب سے آندرے رسل نے 3، محمد عرفان نے 2جبکہ محمد سمیع اور سنیل بدری نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

آلودہ پانی پینے سے ہرسال 53ہزار پاکستانی مرتے ہیں، یونیسیف

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ آلودہ پانی پینےسے ہر سال 53 ہزار پاکستانی بچے موت کی نیند سو جاتے ہیں، پانی میں آلودگی ہیضہ، ہیپ...