جمعرات، 20 اگست، 2015

گجرات،آنجہانی روحانی پیشوا کو ’رسول کا درجہ‘ دینے پر چار گرفتار

بی بی سی ذرائع:پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی شہر گجرات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک آنجہانی روحانی پیشوا کو رسول کا درجہ دینے پر چار افراد کو گرفتار کر کے اُن سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس نے ان افراد کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلانے کا مقدمہ درج کر کے مقامی عدالت سے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

اس واقعے کے بعد مقامی مذہبی رہنماؤں نے عیسائیوں کی عبادت گاہوں اور اُن کے گھروں کو نذر آتش کرنے کی دھمکی دی ہے اور علاقے میں شدید خوف کی فضا ہے۔

گجرات کے علاقے سول لائنز کے سب ڈویژنل پولیس افسر مرتضی گیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ مقامی مسیحی آباد مغل کالونی میں ایک مقامی روحانی پیشوا فضل مسیح کی برسی کے موقع پر اُن کے مریدوں نے اشتہارات چھپوا کر شہر کے مختلف حصوں میں لگوائے تھے۔

پولیس افسر کے بقول ان اشتہارات میں فضل مسیح کو رسول کا درجہ دیا گیا جسے پڑھ کر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

ان کے مطابق اس پر صرف کچھ لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا بلکہ مقامی پولیس کے بقول کچھ لوگ مغل کالونی میں رہائش پذیر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر حملہ کرنے کے لیے علاقے میں پہنچ گئے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہونے دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہارات کی اشاعت اور تشہیر کے واقعے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں تین ملزمان مسیحی برادری سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ چوتھا ملزم جو پرنٹنگ پریس کا مالک ہے، مسلمان ہے۔

پولیس کے اعلیٰ حکام نے ان ملزمان کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلانے کا مقدمہ درج کر کے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی مذہی رہنما افضل قادری اور دیگر رہنماؤں اور اُن کے پیروں کاروں نے اس واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جمعے کو مسیحی برادری کی عبادت گاہوں اور اُن کے گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی۔

یہ دھمکی سامنے آنے کے بعد پولیس کے مطابق مغل کالونی میں رہائش پذیر مسیحی خاندانوں کی قابلِ ذکر تعداد روپوش ہوگئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد شہر میں حالات کشیدہ ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

آلودہ پانی پینے سے ہرسال 53ہزار پاکستانی مرتے ہیں، یونیسیف

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ آلودہ پانی پینےسے ہر سال 53 ہزار پاکستانی بچے موت کی نیند سو جاتے ہیں، پانی میں آلودگی ہیضہ، ہیپ...