ہفتہ، 23 مئی، 2015

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست دےدی

لاہور: پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا مزہ دوبالا کر کے شائقین کرکٹ کو بہترین ”تحفہ“ دیا ہے۔ انٹرنیشنل ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے مختار احمد نے شاندار 83 رنز بنا کر شائقین کے دل جیت لئے اور ایک نئے ہیرو کے طور پر خود کو منوا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوین اوپنرز نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنا کر پاکستانی باﺅلرز کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی تاہم محمد سمیع نے ایک ہی اوور میں 2 وکٹیں حاصل کر کے زمبابوین کھلاڑیوں کے بلوں سے اگلتے رنز کو روکا۔ زمبابوین بلے باز تیسری وکٹ کی شراکت میں صرف 15 رنز کا اضافہ کر سکے اور 78 کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے ایک اور کھلاڑی کو شکار کر لیا جس کے بعد شعیب ملک نے بھی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور اپنے پہلے ہی اوور میں زمبابوے کے چوتھے کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے باوجود زمبابوین بلے بازوں نے ہمت نہ ہاری اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 42 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 142 رنز پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر سکندر رضا بھی 16 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ایک جانب زمبابوے کی وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب کپتان چگمبورا نے رنز کا انبار لگا دیا اور باﺅنڈری کے چاروں جانب خوبصورت شاٹس کھیلتے ہوئے 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے اور قابل اعتماد ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گیندوں پر لگاتار 2 وکٹیں حاصل کر کے ہیٹرک کا موقع حاصل کیا تاہم وہ اسے پورا کرنے میں ناکام رہے۔ محمد سمیع نے مجموعی طور پر3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض نے 2 اور شعیب ملک نے ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان نے 173 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو مختار احمد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں 2 چوکے مارے اور پھر یہ سلسلہ ہی چل نکلا اور تیسرے اوور میں 4 مزید چوکے مار کر کھیل کو دلچسپ بنا دیا۔ مختار احمد نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 45 گیندیں کھیل کر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 83 رنز بنائے تاہم سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
احمد شہزاد نے بھی مختار احمد کا بھرپور ساتھ دیا اور 39 گیندوں پر 55 رنز بنائے تاہم 144 کے مجموعی سکور پر ولیمز کی گیند پر موتمبامی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں نے محمد حفیظ نے 12، عمر اکمل 4، سرفراز احمد نے 3، شعیب ملک نے7 اور کپتان شاہد آفریدی نے 4 رنز بنائے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی 20 میچ 24 مئی بروز اتوار قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

آلودہ پانی پینے سے ہرسال 53ہزار پاکستانی مرتے ہیں، یونیسیف

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ آلودہ پانی پینےسے ہر سال 53 ہزار پاکستانی بچے موت کی نیند سو جاتے ہیں، پانی میں آلودگی ہیضہ، ہیپ...